جہلم: محکمہ داخلہ پنجاب پروبیشن اینڈ پیرول سروس جہلم نے زیر تربیت عارضی رہائی پانے والے افراد کی اصلاح کے لیے ایک اہم سیمینار کا انعقاد کیا۔ سیمینار کا بنیادی مقصد اسلامی تعلیمات کی روشنی میں نظم و ضبط، عفو و درگزر، اور صبر و برداشت جیسی اخلاقی اقدار کو فروغ دے کر ایک پرامن معاشرے کا قیام تھا۔
گزشتہ روز منعقد کئے گئے سیمینار میں ضلعی پروبیشن آفیسر منیب ظفر ہاشمی نے معزز مہمانان محترمہ ڈاکٹر مومن گوندل (سینئر ماہر تعلیم)، علامہ سید راشد حسین (مذہبی سکالر)، چوہدری محمد فاروق گوندل (سینئر ایڈووکیٹ) اور حافظ محمد سلطان (اسسٹنٹ ڈائریکٹر راولپنڈی) کو مدعو کیا۔
ڈاکٹر مومن گوندل نے اپنے خطاب میں کہا کہ معاشرتی زندگی کو خوشگوار اور پرامن بنانے کے لیے صبر و برداشت اور عفو و درگزر کو اپنانا ضروری ہے۔ انہوں نے شرکاء کو باور کرایا کہ یہ خوبیاں انسان کی زندگی میں سکون اور ترقی کا باعث بنتی ہیں۔
علامہ سید راشد حسین نے اسلامی نقطہ نظر کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انسان کو اشرف المخلوقات بنایا ہے اور عقل و شعور سے نوازا ہے، لہٰذا ہر انسان کو اپنے اعمال میں مقصد حیات کو مدنظر رکھنا چاہیے تاکہ وہ اپنی زندگی کو بامقصد بنا سکے۔
چوہدری محمد فاروق گوندل نے نظم و ضبط کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ معاشرتی قوانین کی پاسداری ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ نظم و ضبط کا قیام کسی بھی معاشرے کی ترقی کی بنیاد ہوتا ہے۔
حافظ محمد سلطان نے شرکاء کو بتایا کہ انسان بعض اوقات غصے اور جذبات میں غلط فیصلے کر بیٹھتا ہے، جس کا خمیازہ اسے تمام زندگی بھگتنا پڑتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ تحمل اور بردباری اپنانے سے ان غلطیوں سے بچا جا سکتا ہے۔
سیمینار کے اختتام پر ضلعی پروبیشن آفیسر منیب ظفر ہاشمی نے مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ دورانِ سروس وہ اس طرح کے سیمینارز کا انعقاد جاری رکھیں گے تاکہ اصلاح کے اس عمل کو حقیقی معنوں میں آگے بڑھایا جا سکے۔


