جہلم پولیس نے کرایہ داری ایکٹ پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے ضلع بھر میں کارروائیاں کرتے ہوئے گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران 16 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق ضلع جہلم کے مختلف تھانوں کی حدود میں سرچ آپریشنز کے دوران کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی پر کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔ اس دوران تھانہ سٹی کے علاقے سے 03، تھانہ سول لائنز سے 02، تھانہ کالا گجراں سے 01، تھانہ دینہ سے 02، تھانہ سوہاوہ سے 01، تھانہ پنڈ دادنخان سے 02، تھانہ جلالپور شریف سے 03 اور تھانہ چوٹالہ سے 02 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
پولیس کے مطابق کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی پر مجموعی طور پر 16 ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ کرایہ داری ایکٹ پر عملدرآمد عوامی تحفظ، جرائم کی روک تھام اور پائیدار امن و امان کے قیام کے لیے نہایت اہم ہے۔ انہوں نے تمام مالک مکانوں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے کرایہ داروں کا اندراج بروقت متعلقہ تھانے یا پولیس خدمت مرکز میں یقینی بنائیں، بصورت دیگر قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
جہلم پولیس نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ کرایہ داری ایکٹ پر مکمل عمل کرتے ہوئے اپنے کرایہ داروں کا بروقت اندراج کروائیں تاکہ جرائم کی روک تھام اور ضلع میں امن و امان کے قیام میں مؤثر کردار ادا کیا جا سکے۔


