جہلم: حکومت پنجاب کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر جہلم کی زیر نگرانی عید الاضحی کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی کھالیں بغیر اجازت حاصل کرنے، اکٹھی کرنے، یا فروخت کرنے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ نے واضح کر دیا ہے کہ صرف وہی افراد یا ادارے قربانی کی کھالیں اکٹھی کر سکتے ہیں جن کے پاس باقاعدہ اجازت نامہ (NOC) موجود ہو جو کہ ڈپٹی کمشنر جہلم سے حاصل کیا جا سکتا ہے۔
ضلعی حکومت نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ ممنوعہ اور کالعدم تنظیمیں، ادارے یا فورتھ شیڈول میں شامل افراد کسی بھی صورت قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے کے مجاز نہیں ہوں گے۔ اس سلسلے میں عوام الناس کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ قربانی کی کھالیں صرف ان افراد یا اداروں کو دیں جو مجاز اور رجسٹرڈ ہوں۔
کھالیں اکٹھی کرنے یا خریدنے کے خواہش مند افراد یا ادارے 27 مئی 2025 بروز منگل بمطابق 28 ذیقعد 1446ھ تک اپنی تحریری درخواستیں ڈپٹی کمشنر دفتر میں جمع کروا سکتے ہیں۔ اس موقع پر یہ بھی لازم ہوگا کہ درخواست کے ساتھ گزشتہ سال یعنی عید الاضحیٰ میں جاری کردہ اجازت نامے کی نقل اور اگر کسی مدرسے یا ادارے کی جانب سے درخواست دی جا رہی ہو تو اس کی تجدید شدہ رجسٹریشن کی مصدقہ کاپی اور ادارے کی جانب سے مقرر کردہ نمائندے کا اجازت نامہ بھی منسلک کیا جائے۔
انتظامیہ نے دوٹوک انداز میں واضح کیا ہے کہ بغیر اجازت کھالیں اکٹھی کرنا قانون کی خلاف ورزی تصور کی جائے گی اور اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس ضابطے پر عمل کریں اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کا حصہ بننے سے گریز کریں تاکہ معاشرے میں قانون کی عملداری کو یقینی بنایا جا سکے۔


