پڑی درویزہ: وسیلہ مصطفی ﷺ کا پختہ عقیدہ ایمان کامل کی اولین شرط ہے۔ حضور نبی کریم ﷺ کی سچی محبت اور عقیدت کے بغیر ایمان مکمل نہیں ہو سکتا۔
ان خیالات کا اظہار معروف عالم دین علامہ ظہیر عباس ظہیر نے جامع مسجد حنفیہ پرانہ کوٹ تحصیل سوہاوہ میں جاری 12 روزہ جشن عید میلاد النبی ﷺ کی چٹھی محفل میں "وسیلہ مصطفی ﷺ” کے موضوع پر ایمان افروز خطاب کرتے ہوئے کیا۔
محفل سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ظہیر عباس ظہیر نے کہا کہ وسیلہ مصطفی ﷺ کا پختہ عقیدہ ایمان کامل کی اولین شرط ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے جن و انس کو صرف عبادت کے لیے پیدا نہیں کیا بلکہ تخلیق کائنات کی اصل وجہ ہی بعثت رسول اکرم ﷺ ہے۔
اس موقع پر مولانا قاری عامر علی صدیقی، نعت خواں ڈاکٹر عامر علی منور حسینی اور ابرار حسین نے بارگاہ رسالت مآب ﷺ میں ہدیہ نعت پیش کیا جس پر حاضرین جھوم اٹھے۔
محفل میں تحریک ترقی و فلاح پڑی درویزہ کے شاہد محمود مغل و دیگر معزز اراکین، معروف صحافی و کالم نگار پروفیسر افتخار محمود اور علاقہ کی سیاسی شخصیت و متوقع امیدوار برائے چیئرمین یونین کونسل، راجہ شہزاد تنویر آف گدڑال نے خصوصی شرکت کی۔ راجہ شہزاد تنویر نے جامع مسجد حنفیہ کی انتظامیہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے مالی تعاون بھی فراہم کیا۔
محفل کا انعقاد خطیب جامع مسجد حافظ وقاص جاوید قادری اور انتظامیہ مسجد کی زیر نگرانی کیا گیا، جس میں اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے عقیدت و احترام کے ساتھ شرکت کی۔


