جہلم: پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے باعث مسلسل 6روز دریائے جہلم کے پلوں، جی ٹی روڈ، منگلا پل، موٹروے وے انٹرچینج سمیت تمام راستے ٹریفک کیلئے کھول دیے گئے۔
جی ٹی روڈسے رکاوٹیں ہٹا دی گئیں، سڑکوں اور پلوں پر لگائی گئیں رکاوٹیں بھی ہٹا دی گئیں، تمام بند راستے ہر قسم کی ٹریفک کی آمدورفت کےلیے کھول دیئے گئے۔ ضلع جہلم میں راستے بند ہونے سے سبزیوں سمیت آجناس کی شدید قلت پیدا ہوگئی تھی۔ جہلم سرائے عالمگیر جڑواں شہروں کے مکینوں نے بھی سڑکیں کھلنے پرسکھ کا سانس لیا۔
انتظامیہ نے پی ٹی آئی کے احتجاج کے باعث ضلع جہلم کے آٹھ مقامات پر کنٹینرز کھڑے کر کے سڑکیں ہر قسم کی ٹریفک کےلیے بند کررکھی تھیں، اس طرح انتظامیہ نے دریائے جہلم کے تینوں پلوں، ریلوے پل اور منگلا پل کے حفاظتی جنگلے توڑ کر کرین کی مدد سے کنٹینرز کھڑے کیے گئے تھے۔
ضلع جہلم کے مختلف 8مقامات سے رکاوٹیں ہٹانے کےبعد لاہور اسلام آباد جی ٹی روڈ، منگلا تاآزادکشمیر، للِہ انٹر چینج موٹروے، خوشاب، سوہاوہ سے چکوال، مسہ کسوال سے راولپنڈی اور مصری موڑ تا منڈی بہاؤالدین کے درمیان ٹریفک بھی بحال کردی گئی ہے۔
اس حوالے سے شہریوں کاکہنا ہے کہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں اور حکمت عملی کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑا، چھ روز سے پہنچنے والے نقصان کی وصولی بھی اب حکومت عوام سے کرے گی جوکہ ظلم کے مترادف ہے۔ پہلے ہی مہنگائی نے غریب عوام کوزندہ درگور کررکھا ہے، حکمرانوں کی عیاشیوں کے اخراجات بھی غریب عوام سے ٹیکسزز کے ذریعے وصول کیے جارہے ہیں۔
شہریوں نے چیف آف آرمی سٹاف اور چیف جسٹس آف پاکستان سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیاہے۔


