جہلم: محکمہ بلڈنگ پنجاب پی ڈبلیو ڈی ایمپلائز یونین کے مرکزی دفتر میں ماہانہ اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا ۔ اجلاس کی صدارت زونل چیئرمین ملک ارشد محمود نے کی، انہوں نے مریم نواز کو پنجاب کا وزیر اعلیٰ منتخب ہونے اور منصب سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی۔
اجلاس میں ڈویژنل سیکرٹری مطیع الرحمان نے مطالبات پیش کیے، ڈویژنل سیکرٹری نے کہا کہ عرصہ دراز سے سی اینڈ ڈبلیو کے ورکرز کے ساتھ ناانصافیاں اور جبر ہو رہا ہے جس کی وجہ سے ملازمین میں بے چینی پائی جاتی ہے۔ گزشتہ حکومت نے ورکرز پر جو ظلم و جبر کیا اسکی ماضی میں مثال پاکستانی تاریخ میں نہیں ملتی ، ملازمین کو سول سرونٹ ریگولر کرنے کے بجائے فیکٹری ایکٹ کے تحت ورک مین کے طور پر کام لیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہائی وے مشینری ورکشاپ راولپنڈی ڈویژن کے ورکرز پچھلے20/20 سالوں سے ترقیوں کے منتظر ہیں ، مری ہائی وے مشینری ورکشاپ کے ملازمین کو سلام پیش کرتے ہیں جو بے سروسامانی کے عالم میں برفباری کے موسم میں کام کررہے ہیں ، ان محنت کشوں کی وجہ سے ادارے اور افسران کی شہرت عروج پر ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب سے ہمارا مطالبہ ہے کہ ملازمین کو سول سرونٹ قوانین کے تحت ریگولر کیا جائے۔
اجلاس میں چوہدری ارشد عاشر، ملک عرفان ،چوہدری عرفان، محمد خان اور ظہور احمد نے سوہاوہ سے غلام رسول، مدثر حسن ،سہیل احمد، پنڈدادنخان سے محمد محمود اور عتیق احمد اور کامران نے شرکت کی۔


