بارسلونا: بیرسٹر امجد ملک کی قیادت میں اوورسیز پاکستانیوں کے وفد نے جناح ہاؤس لاہور کا دورہ کیا۔
اس موقع پر اسپین میں مقیم معروف پاکستانی کاروباری شخصیت اور پاکستان مسلم لیگ ن کے ٹریڈ کوآرڈینیٹر یورپ چوہدری امانت حسین مہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے میڈیا کے ذریعے جو ظلم جناح ہاؤس پر ہوتے دیکھا اس کی بھر پور مذمت کرنے کیلئے آئے ہیں اور ہم نے اپنی انکھوں سے جو حالت دیکھی یقین کریں کہ دل بہت دکھا۔
انہوں نے کہا کہ یہ بنیادی طور پر جناح ہاؤس پر نہیں پاکستان پر حملہ ہے، پاکستان کی سالمیت پر حملہ ہے، وہ جناح جنہوں نے پاکستان جیسا گھر ہمیں دیا، آج ملک دشمنوں نے اسی گھر کو جلا دیا ،ہماری عدالتوں سے گزارش ہے کہ جو ملک دشمن اس میں ملوث ہیں انہیں کڑی سے کڑی سزا دی جائے، ان کا خصوصی عدالت میں ٹرائل ہونے چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ اگر آج کوئی ایکشن نہیں ہوگا تو ایسے گروہ کل دوبارہ اٹھیں گے اور یہی حرکت کریں گے،ان کو نشان عبرت بنانا چاہئے۔