جہلم: مجاہد آباداوور ہیڈ برج پر نصب سٹریٹ لائٹس چالو نہ ہونے کے باعث حادثات روزانہ کا معمول بن گئے۔ اوور ہیڈ برج کے اوپر لگائی جانے والی لوہے کی گرلیں بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار جس کی وجہ سے کسی بھی وقت کوئی بڑا سانحہ یا حادثہ رونما ہو سکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کے علاقہ مجاہدآباد کے مقام پر 30 سال قبل تعمیر کیا جانے والا واحد اوور ہیڈ برج نیشنل ہا ئی وے کے ذمہ داران کی غفلت و لاپرواہی کیوجہ سے عدم تحفظ کا شکار ہے۔ مجاہد ہ آباد پُل ہائی وے کی غفلت و عدم دلچسپی کی وجہ سے جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکا ہے۔
پُل کی ٹوٹ پھوٹ کے ساتھ ساتھ دونوں اطراف نصب کئے گئے آہنی جنگلے بھی غائب ہوچکے ہیں جبکہ پل کے دونوں اطراف نصب سٹریٹ لائٹس چالو نہ ہونے کی وجہ سے رات کے اوقات میں پل کے اوپر گھپ اندھیرا چھا جاتا ہے جس کی وجہ سے حادثات رونما ہو رہے ہیں، اس حوالے سے متعلقہ ذمہ دار محکموں کے سربراہان کی کارکردگی سوالیہ نشان بن چکی ہے۔
شہریوں نے این ایچ اے کے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ نوٹس لیتے ہوئے سربراہان کو پُل کی مرمت اور پل پر نصب سٹریٹ لائٹس کو چالو کرنے کے احکامات جاری کریں تا کہ حادثات میں کمی واقع ہو سکے۔


