جہلم: چکوال پولیس کےشہید سب انسپکٹر اشتیاق احمد کی برسی، تھانہ چوٹالہ کے علاقہ چکری راجگان میں شہید کی لحد پر جہلم پولیس کے افسران کی حاضری، شہید کی لحد پر جہلم پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی۔
ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ کے حکم پر ڈی ایس پی صدر رانا ندیم طارق اور دیگر پولیس افسران نے شہید کی لحد پر پھول چڑھائے اور شہید کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔
یاد رہے کہ شہید سب انسپکٹر اشتیاق احمد ایس ایچ او تھانہ ڈھڈیال ضلع چکوال تعینات تھے ۔ ایک گاڑی پر سوار مشکوک اشخاص کی اطلاع موصول ہونے پر پولیس پارٹی کے ہمراہ موقع پر پہنچے تو ان مشکوک اشخاص نے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی جس سے آپ نے جام شہادت نوش فرمائی۔
ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ نے کہا کہ شہداء پولیس ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں جن کی عظیم قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، شہداء پولیس ہمارے محسن ہیں جو بہادری اور شجاعت کی داستانیں رقم کرتے ہوئے ہمیشہ کے لیے امر ہوگئے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم ناصر محمود باجوہ نے کہا کہ شہداء پولیس نے اپنا آج ہمارے کل پر قربان کر کے یہ ثابت کیا ہے کہ ہم ملک و ملت کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، شہداء کی فیملیزہماری ذمہ داری ہیں جنہیں کبھی تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔


