جہلم: مرکزی علماء کونسل ضلع جہلم کا ایک خصوصی اجلاس شہرِ جہلم میں حکیم قاری شبیر احمد عثمانی کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں علماء کرام و مشائخ نے فیلڈ مارشل حافظ سید عاصم منیر کو ہدیۂ تبرک پیش کیا اور ان کی ملکی دفاع کے لیے تاریخی و مثالی خدمات پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علماء کرام نے کہا کہ فیلڈ مارشل کی قیادت میں پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر بن چکا ہے اور افواجِ پاکستان نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا پوری دنیا میں لوہا منوایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سال 2025 میں سینکڑوں جوانوں نے وطنِ عزیز کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور ان کا پاک خون اس سرزمین کے تحفظ کی ضمانت ہے۔
اجلاس میں علماء کرام نے ملک کے جید علماء و مشائخ کے پے در پے وصال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور ان شخصیات کی رحلت کو امتِ مسلمہ کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیا۔
مرکزی علماء کونسل نے مولانا پیر عبدالرحیم نقشبندی، مولانا پیر ذوالفقار نقشبندی، مولانا پیر مفتی مختار الدین شاہ، شیخ الحدیث مولانا محمد سلیمان، مفتی جہلم مولانا مفتی محمد شریف عابر اور شیخ الحدیث مولانا فضل الرحیم کی علمی، دینی، روحانی، سیاسی اور سماجی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
علماء کرام نے مرحومین کے لواحقین، تلامذہ اور وابستگان سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کیں۔
مرکزی علماء کونسل ضلع جہلم نے حکومتِ پنجاب کی جانب سے ضلع جہلم میں الیکٹرو بس سروس اور جدید کیتھ لیب کے قیام کو شہریوں کے لیے ایک بڑی سہولت قرار دیتے ہوئے حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
اجلاس میں مرکزی علماء کونسل ضلع جہلم کے عہدیداران اور مختلف تحصیلوں کے صدور نے شرکت کی، جن میں مولانا زبیرالحسن، مولانا قاری محمد صدیق، قاری ابصار ایوب، مولانا قاری محمد اشرف، ماسٹر ملک محمد مبارک، مولانا محمد مدثر، حافظ محمد احسان، قاری محمد ابراہیم منیر، شاکر علی، عبدالرزاق شمیم، قاری محمد عمران اور ملک محمد فرحان علی شامل تھے۔


