جہلم جی ٹی روڈ سمیت شہر کی سڑکوں پر نصب سٹریٹ لائٹس بند، شہر تاریکی ڈوب میں جانے لگا۔ میونسپل کمیٹی کی انتظامیہ کے نوٹس میں ہونے کے باوجود شہر کو روشن کرنے کے لئے کوئی اقدامات نہیں کئے جارہے۔
تفصیلات کے مطابق ضلعی ہیڈ کوارٹر کی مرکزی جی ٹی روڈ سمیت گلیاں بازار ، سڑکیں عرصہ دراز سے سٹریٹ لائٹس سے محروم ہیں جس سے سٹریٹ کرائم اور حادثات میں اضافہ ہوچکاہے۔
سابق دور حکومت میں لاکھوں روپے کی لاگت سے دریائے جہلم سے مجاہد آباد پل تک جبکہ ریلوے پل تا ٹاہلیانوالہ تک جبکہ وائے کراس تا ضلع کچہری ، ضلع کچہری تا منڈی موڑ، محمدی چوک تا جامعہ کریمیہ ، محمدی چوک تا قبرستان چوک سمیت دیگر اہم سڑکوں پر سٹریٹ لائٹس لگائی گئیں۔
اب بیشتر سٹریٹ لائٹس عدم توجہی کی وجہ سے خراب پڑی ہوئی ہیں ۔ ان کو بحال کرنے کے لئے میونسپل کمیٹی کے ذمہ داران کوئی اقدامات نہیں اٹھار ہے ،گلیاں بازار ، جی ٹی روڈمجاہد آباد پل سمیت سڑکیں اندھیرے میں ڈوبے ہوئے ہیں۔
شہر کی سماجی، فلاحی، رفاعی اور شہری تنظیموں کے عمائدین نے ڈپٹی کمشنر ، ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی ، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی سے شہر میں نصب سٹریٹ لائٹس کو چالو کرنے اور مکمل دیکھ بھال کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ چوری ڈکیتی اور حادثات میں کمی واقع ہو سکے۔