جہلم: پنجاب حکومت کی ہدایت پر صوبے بھر کے تمام سرکاری اسکولوں میں سٹوڈنٹ سکول کونسل کے انتخابات کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد طلباء میں جمہوری اقدار، قیادت کی اہمیت اور ووٹ کے استعمال سے متعلق شعور اجاگر کرنا تھا۔
اسی سلسلے میں گورنمنٹ ہائی سکول بدو ضلع جہلم میں بھی سٹوڈنٹ کونسل کے انتخابات نہایت کامیابی سے منعقد ہوئے۔ اس انتخابی عمل میں طلباء نے بھرپور دلچسپی لی اور انتخابی عمل کو نہایت منظم اور پرامن انداز میں مکمل کیا گیا۔ مختلف عہدوں کے لیے امیدواروں نے اپنی انتخابی مہم چلائی، تقاریر کیں اور کلاس فیلوز سے ووٹ کے لیے رجوع کیا۔
انتخابی نتائج کے مطابق صدر کے عہدے پر کلاس دہم کے زین عباس کو کامیابی حاصل ہوئی، جبکہ نائب صدر کے طور پر کلاس نہم سے فرقان علی منتخب ہوئے۔ اسی طرح جنرل سیکرٹری کے لیے کلاس ہشتم سے محمد عبداللہ اور فنانس سیکرٹری کے لیے کلاس ہفتم سے ولید عامر کامیاب قرار پائے۔
ہر کلاس کے کلاس ریپریزنٹیٹو (سی آر) کا بھی انتخاب کیا گیا۔ کلاس دہم سے شہریار، کلاس نہم سے سہیل حیدر، کلاس ہشتم سے محمد سعد، کلاس ہفتم سے حمزہ صغیر اور کلاس ششم سے محمد عثمان منتخب ہوئے۔ ان تمام کامیاب طلباء کو اساتذہ کرام اور ہیڈ ماسٹر کی جانب سے مبارکباد پیش کی گئی۔ اس موقع پر اساتذہ نے ہارنے والے طلباء کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں مستقبل میں مزید محنت کرنے اور شکست سے سبق سیکھنے کی نصیحت کی۔
الیکشن کے نتائج کا اعلان ہوتے ہی اسکول میں خوشی کا سماں پیدا ہوگیا، طلباء نے ایک ریلی نکالی اور اس کامیاب سرگرمی پر اظہارِ مسرت کیا۔ طلباء کا کہنا تھا کہ ایسی سرگرمیاں نہ صرف ان کے اندر اعتماد پیدا کرتی ہیں بلکہ جمہوری نظام کو سمجھنے اور قانون کی پاسداری کا شعور بیدار کرنے میں مدد دیتی ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ آئندہ بھی اس نوعیت کی سرگرمیوں کا باقاعدگی سے انعقاد ہونا چاہیے تاکہ ان کی تربیت تعلیمی اور سماجی دونوں حوالوں سے مکمل ہو۔


