جہلم شہر اور گردونواح میں نجی لیبارٹریوں کے مالکان نے مریضوں سے ٹیسٹوں کے من مانے نرخ وصول کرنے شروع کر دیے ہیں، جس پر شہریوں نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر میں ہر جگہ پرائیویٹ لیبارٹریاں کھل گئی ہیں، جہاں مریضوں کو ٹیسٹوں کے نام پر مہنگے داموں لوٹا جا رہا ہے۔ ان لیبارٹریوں کی جانب سے ٹیسٹوں کی فیس اتنی زیادہ مقرر کی گئی ہے کہ عام آدمی کے لیے یہ ناقابل برداشت ہو چکی ہے۔
شہریوں نے مزید بتایا کہ مختلف اقسام کے ٹیسٹ، جیسے بلڈ سی بی سی، ایل ایف ٹی، ایکسرے چیسٹ، الٹراساؤنڈ، ای سی جی، آر ایف ٹی (گردے کے ٹیسٹ)، ای ایکس آر، ایڈز ٹیسٹ، کالے اور پیلے یرقان کے ٹیسٹ سمیت دیگر تشخیصی خدمات کے نرخ دوگنے سے بھی زیادہ وصول کیے جا رہے ہیں۔
شہریوں نے محکمہ صحت کے متعلقہ حکام سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ان لیبارٹریوں کے لیے ٹیسٹوں کے نرخ مقرر کیے جائیں تاکہ عام عوام کو مناسب قیمتوں پر طبی سہولیات میسر آ سکیں۔
شہریوں کا یہ بھی کہنا تھا کہ محکمہ صحت کو اس مسئلے پر سنجیدگی سے توجہ دینی چاہیے تاکہ مریض مالی مشکلات کے بغیر اپنی بیماریوں کا علاج کروا سکیں۔


