جہلم: پنجاب حکومت کی ہدایت پر پنجاب انفورسمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا فورس) نے جہلم سمیت پنجاب بھر کے بازاروں میں اینٹی انکروچمنٹ کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔ اس سلسلے میں شہر کے تمام دوکانداروں کو آگاہ کیا گیا ہے کہ وہ اپنی دکانوں کے باہر کوئی بھی ڈسپلے یا اشیاء نہ رکھیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیر سے سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ تمام اشیاء صرف دکان کے شٹر کی حدود کے اندر رکھی جائیں اور باہر کسی قسم کی رکاوٹ یا سامان نہ لگایا جائے۔ یہ اقدامات وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر کیے جا رہے ہیں تاکہ بازاروں میں تجاوزات کا خاتمہ کیا جا سکے۔
پیرا فورس کی جانب سے واضح کر دیا گیا ہے کہ اگر کسی دکاندار کی خلاف ورزی سامنے آئی تو دکان سیل کر دی جائے گی، جرمانہ یا گرفتاری عمل میں لائی جائے گی، کسی بھی سیاسی شخصیت یا سرکاری اہلکار کی طرف سے کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔
علاوہ ازیں اگر کسی نے سرکاری کارروائی میں مداخلت کرنے کی کوشش کی تو اس پر کارِ سرکار میں مداخلت کے تحت سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ "ہر دکاندار اپنی ذمہ داری خود اٹھائے، قانون کی خلاف ورزی پر کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔”


