جہلم پریس کلب کے معزز ممبر معروف سینئر صحافی کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے والے ملزم نے قبل از گرفتاری ضمانت کروالی۔
تفصیلات کے مطابق جہلم پریس کلب کے معروف سینئر صحافی عبدالغفارآزاد کو چندروز قبل بیرون ملک سے نامعلو م شخص نے سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں اور کہا کہ اگر تم نے گھریلو معاملات ٹھیک نہ کئے تو تمہیں جانی نقصان پہنچ سکتا ہے ، جس پر معزز ممبر پریس کلب نے تھانہ سول لائن درخواست دیتے ہوئے تمام حقائق سے تفتیشی افسر کو آگاہ کیا۔
تھانہ سول لائن پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم کی تفصیلات اکٹھی کرنی شروع کردیں، اس طرح 2 روز قبل ٹیلیفون پر دھمکیاں دینے والا شخص محمد جمیل ولد محمد بشیر نے واپس پاکستان پہنچ کر عبوری ضمانت کروالی ہے۔
اس حوالے سے صحافی برادری کا کہنا ہے کہ پولیس صحافیوں کو تحفظ فراہم کرے اور بیرون ملک بیٹھ کر صحافیوں کو حراساں کرنے اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے والے افراد کے خلاف مقدمات درج کئے جائیں تاکہ صحافیوں میں پائی جانے والی بے چینی کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔


