جہلم: پنجاب بھر میں 6 ارب روپے سے زائد کے ای چالان نادہندگان کے خلاف حکومت نے سخت اقدامات کا فیصلہ کر لیا ہے۔
اس ضمن میں حکومت نے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ سے تعاون طلب کرتے ہوئے باضابطہ مراسلہ ڈائریکٹر جنرل ایکسائز کو ارسال کر دیا ہے۔
مراسلے میں ہدایت دی گئی ہے کہ جب تک کسی شہری کے ذمہ واجب الادا ای چالان کلیئر نہ ہوں، اس وقت تک اس کی گاڑی یا موٹر سائیکل کی رجسٹریشن اور ٹرانسفر کی سہولت فراہم نہ کی جائے۔
پنجاب میں روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں رجسٹر یا ٹرانسفر ہو رہی ہیں، تاہم بڑی تعداد میں مالکان ای چالان کی رقم ادا کیے بغیر یہ سہولیات حاصل کر رہے تھے، جس سے حکومتی محاصل میں بھاری نقصان ہو رہا تھا۔
مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ نئی گاڑیوں کی رجسٹریشن کی صورت میں اگر شہری کے ذمہ کسی بھی قسم کا ای چالان بقایا ہے تو اسے کلیئر کیے بغیر رجسٹریشن کی اجازت نہ دی جائے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کی مدد سے ای چالان کی وصولیوں میں خاطر خواہ بہتری لائی جا سکتی ہے، جب کہ اس سے شہریوں میں جرمانے بروقت ادا کرنے کی عادت بھی فروغ پائے گی۔
ذرائع کے مطابق پولیس کی جانب سے بھی ای چالان نادہندگان کو مختلف سہولیات کی فراہمی روک دی گئی ہے، جب تک وہ اپنے واجبات ادا نہ کریں۔ اس سلسلے میں سیف سٹیز اتھارٹی پہلے ہی ایکسائز ڈیپارٹمنٹ سے رابطے میں ہے تاکہ مربوط نظام کے ذریعے چالان کی بروقت وصولی کو یقینی بنایا جا سکے۔
عوام الناس سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں یا موٹر سائیکلوں کے ای چالان چیک کر کے جلد از جلد ادائیگی کو یقینی بنائیں تاکہ کسی بھی ممکنہ قانونی کارروائی یا سہولت میں تعطل سے بچا جا سکے۔


