جہلم: پنجاب بھر کی طرح ضلع جہلم میں بھی نئے کار واش اسٹیشنز کے قیام پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
اس سلسلے میں محکمہ ماحولیات کی جانب سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق صوبہ پنجاب میں کسی بھی جگہ نیا کار سروس اسٹیشن قائم کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
نوٹیفکیشن میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ اس پابندی پر فوری عملدرآمد ہوگا اور اگر کسی نے خلاف ورزی کی تو اس کے خلاف پاکستان پینل کوڈ کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ محکمہ ماحولیات کے مطابق یہ اقدام پانی کی شدید قلت اور ممکنہ خشک سالی کے خطرے کے پیش نظر اٹھایا گیا ہے۔
محکمہ کا کہنا ہے کہ ایک گاڑی دھونے میں تقریباً 400 لیٹر پانی ضائع ہو جاتا ہے، جو موجودہ حالات میں ایک سنگین ماحولیاتی مسئلہ ہے۔ حکام کے مطابق اگر بغیر کسی منصوبہ بندی کے مزید سروس اسٹیشنز بنائے گئے تو اس سے خشک سالی کی صورتحال مزید بدتر ہو سکتی ہے اور ماحولیاتی، سماجی و معاشی مسائل میں اضافہ ہوگا۔
محکمہ ماحولیات نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ پانی کے ضیاع سے بچنے اور ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ ساتھ ہی انہوں نے موجودہ کار سروس اسٹیشنز کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ پانی کے استعمال میں احتیاط برتیں اور ری سائیکلنگ جیسے طریقے اختیار کریں تاکہ قیمتی قدرتی وسائل محفوظ رہ سکیں۔


