پڑی درویزہ: سوہاوہ چکوال موڑ سے کوٹ دھمیک تک تعمیر کی گئی لنک روڈ چند ہی ماہ میں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئی ہے، جس پر تعمیراتی معیار اور ناقص میٹریل کے استعمال کے سنگین سوالات اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل سوہاوہ میں جی ٹی روڈ سوہاوہ چکوال موڑ سے مشرق کی جانب کوٹ دھمیک تک چند ماہ قبل سڑک کی تعمیر نو مکمل کی گئی تھی، تاہم ٹنڈوئی پل سے دیوان حضوری چوک تک کا حصہ انتہائی خستہ حال ہو چکا ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق دورانِ تعمیر ناقص میٹریل استعمال کیا گیا جس کے باعث سڑک جگہ جگہ سے ٹوٹ گئی ہے، جو تصاویر میں بھی واضح طور پر دیکھی جا سکتی ہے۔
مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ خراب سڑک کے باعث ٹرانسپورٹ کی آمدورفت متاثر ہو رہی ہے جبکہ موٹر سائیکل سواروں اور مسافروں کو شدید مشکلات اور حادثات کے خدشات کا سامنا ہے۔
علاقے کے عوامی اور سماجی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم اور محکمہ شاہرات ضلع جہلم کے حکام بالا سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر صورتحال کا نوٹس لیا جائے اور ذمہ داران کا تعین کر کے سڑک کی مرمت و بحالی کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں۔
عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ سڑک کی رائیڈنگ کوالٹی بہتر بنائی جائے اور آئندہ کے لیے معیار پر سمجھوتہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو محفوظ اور دیرپا سفری سہولت میسر آ سکے۔


