سوہاوہ: ڈومیلی پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے مرغوں کی لڑائی پر جوا کھیلنے والے تین جواریوں کو گرفتار کر لیا۔ داؤ پر لگی رقم، موبائل فونز، اور موٹر سائیکلز بھی برآمد کر لیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل سوہاوہ میں ایس ایچ او تھانہ ڈومیلی کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے ایک کارروائی کے دوران تین قماربازوں فیضان، ضیاء اور علی حیدر کو گرفتار کیا۔ پولیس نے ملزمان سے داؤ پر لگی رقم مبلغ 7 ہزار روپے، 3 عدد موبائل فونز، اور 10 موٹر سائیکلز برآمد کیے۔
پولیس کے مطابق ملزمان مرغوں کی لڑائی کا غیر قانونی انعقاد کرکے جوا کھیل رہے تھے جو کہ قمار بازی کے قانون کے تحت ایک سنگین جرم ہے۔ ایس ایچ او تھانہ ڈومیلی نے کہا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ علاقے میں امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔


