جہلم: تھانہ کالا گجراں پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف دو اہم کارروائیاں کرتے ہوئے دو منشیات فروشوں اور ناجائز اسلحہ رکھنے والے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔ کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں چرس، آئس اور ناجائز اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق ایس ایچ او تھانہ کالا گجراں اور ان کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے 2 منشیات فروش ملزمان کو گرفتار کیا۔ ملزمان کے قبضے سے مجموعی طور پر 1 کلو 260 گرام چرس اور 300 گرام آئس برآمد کر کے قبضہ پولیس میں لے لی گئی۔
پولیس نے دونوں ملزمان کے خلاف تھانہ کالا گجراں میں الگ الگ مقدمات درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔
ایک دوسری کارروائی میں تھانہ کالا گجراں پولیس نے ناجائز اسلحہ رکھنے والے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا، جس کے قبضے سے 30 بور پستول بمعہ ایمونیشن برآمد کیا گیا۔ ملزم کے خلاف بھی قانون کے مطابق مقدمہ درج کر کے مزید کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ نوجوان نسل کو منشیات جیسے ناسور سے محفوظ رکھنے کے لیے منشیات فروشوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ معاشرے میں منشیات کے پھیلاؤ اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے والے عناصر کے ساتھ قانون کے مطابق سختی سے نمٹا جائے گا۔
ڈی پی او نے مزید کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ جہلم پولیس کی اولین ترجیح ہے اور ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر، منشیات فروشوں اور ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن آئندہ بھی بھرپور انداز میں جاری رہے گا۔


