پنڈدادنخان: پولیس نے بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے چوری اور مویشی چوری میں ملوث 2 گینگز کے 5 کارندوں کو گرفتار کر کے اسلحہ و مال مسروقہ برآمد کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او تھانہ پنڈ دادنخان اور ان کی ٹیم نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے چوری اور مویشی چوری کی وارداتوں میں ملوث عیسو پٹھان گینگ کے 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 60 ہزار روپے نقدی اور وارداتوں میں استعمال ہونے والا ناجائز اسلحہ (12 بور بندوق بمعہ ایمونیشن) برآمد کر لیا۔
دوسری کارروائی میں ایس ایچ او تھانہ پنڈ دادنخان کی زیر نگرانی انچارج چوکی کھیوڑہ اور ٹیم نے چوری اور موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث مورس گینگ کے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ملزمان سے 96 ہزار روپے نقدی، ایک چوری شدہ موٹر سائیکل اور چوری شدہ لوہا بمعہ کیبل برآمد کیا، جس کی مالیت ایک لاکھ 50 ہزار روپے بتائی جا رہی ہے۔ اس کارروائی میں مجموعی برآمدگی کا تخمینہ 03 لاکھ 11 ہزار روپے لگایا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کیا جائے گا تاکہ انہیں قرار واقعی سزا دلوائی جا سکے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو کا کہنا ہے کہ شہریوں کو ان کے قیمتی اثاثوں سے محروم کرنے والے ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے واضح کیا ہے کہ ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا اور قانون شکنوں کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔


