جہلم کی سر زمین مونن میں دو روزہ بیل اکھاڑہ ٹومبی کے مقابلے اختتام پذیر ہو گئے۔ آخری دن پنجاب بھر سے 130کے قریب بیلوں کی جوڑیوں نے اس مقابلہ میں حصہ لیا۔
جشن مونن کے بانی اکھاڑہ چوہدری شعیب مونن پنجاب پولیس چوہدری سعید احمد مونن اور چوہدری محمودالحسن مونن نے اکھاڑہ میں آنے والے شائقین و بیلوں کے مالکان کے لئے بہترین انتظامات کئے۔
اہل علاقہ نے اس اکھاڑہ جشن مونن کو خوب سراہا جبکہ بانی اکھاڑہ آل کنٹرولر چوہدری شعیب مونن نے بیلوں کے مالکان کے لئے انعامات کے انبار لگا دیئے، کروڑ روپے سے زائد کے انعامات تقسیم کئے گئے ہیں۔
پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن پر آنے والے بیلوں کے مالکان کو موٹر سائیکل، گھوڑی، نقد انعام، ٹرافیاں، جھنڈا، پگڑی اور دیگر انعامات دیے گئے۔ دس پوزیشن تک کے بیلوں کے مالکان کو بھی انعامات دیے گئے۔
اس موقع پر شائقین کا کہنا تھا کہ جشن مونن ایک تاریخی میلہ ہوتا ہے جس میں انعامات کی بوچھاڑ ہوتی ہے، بیلوں کے مالکان اس جشن میں شرکت کرکے خوشی محسوس کرتے ہیں، بیل اکھاڑہ ٹومبی پنجاب کی ثقافت ہے اسکو حکومتی سطخ پر بھی پذیرائی ملنی چاہیے۔
بانی اکھاڑہ کا کہنا ہےکہ بڑے بڑے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے مگر اللہ کی مدد اور دوستوں کے تعاون کے بعد ثابت ہوتا ہے کہ پنجاب کے سب سے بڑے بیلوں کے اکھاڑے میں انعامات بھی سب سے بڑے ہوتے ہیں، چیلنج صرف باتوں سے نہیں عملی اقدامات سے ہوتا ہے۔