سوہاوہ: ڈومیلی پولیس کی جانب سے اغواء کے مقدمہ میں بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے مختصر وقت میں کارروائی کے دوران مغویہ کو بازیاب کروا لیا گیا جبکہ اغواء میں ملوث ملزم کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو کی خصوصی ہدایات پر جہلم کی تحصیل سوہاوہ میں ایس ایچ او تھانہ ڈومیلی اور ان کی ٹیم نے پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے بروقت کارروائی کی اور اغواء شدہ مغویہ کو قلیل وقت میں بحفاظت بازیاب کروا لیا۔
ڈومیلی پولیس نے اغواء کار کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔ مغویہ کے لواحقین نے فوری ریسپانس اور کامیاب کارروائی پر جہلم پولیس کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا اور پولیس کی کارکردگی کو سراہا۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے اس موقع پر کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور پولیس ہر وقت عوام کی مدد کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سنگین جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور ایسے ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں۔


