دینہ: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر دینہ صفا عابد نے اراضی ریکارڈ سینٹر دینہ کا اچانک دورہ کیا۔
دورے کے دوران انہوں نے سائلین کو فراہم کی جانے والی سہولیات، فرد کے حصول اور انتقالِ اراضی کے مراحل کا تفصیلی جائزہ لیا اور عملے کو ہدایت کی کہ تمام سائلین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں۔
اسسٹنٹ کمشنر دینہ صفا عابد نے اراضی ریکارڈ سینٹر میں موجود شہریوں سے براہِ راست گفتگو کی اور عملے کے رویے، کام کی رفتار اور شفافیت سے متعلق دریافت کیا۔ انہوں نے ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن، ٹوکن سسٹم اور مجموعی سروس ڈیلیوری کا معائنہ کرتے ہوئے واضح ہدایت جاری کی کہ عوام کو غیر ضروری انتظار کی زحمت نہ اٹھانی پڑے۔ ان کا کہنا تھا کہ کرپشن اور بلاجواز تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے سینٹر انتظامیہ کو خصوصی ہدایات دیں کہ بزرگ اور معذور شہریوں کے لیے علیحدہ کاؤنٹر، بیٹھنے کے مناسب انتظامات اور فوری سہولت فراہم کی جائے۔
اے سی دینہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اراضی ریکارڈ سینٹر میں شفافیت، سہولت اور عوامی خدمت کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے مانیٹرنگ کا عمل تسلسل سے جاری رکھا جائے گا تاکہ شہریوں کو اپنے جائز کاموں کے لیے کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔


