دینہ کے نواحی علاقہ چک مہیوں کے نمبردار چوہدری محمد الیاس کی کوششیں رنگ لے آئیں، معروف سماجی شخصیت حاجی خادم حسین نے اپنے والدین کے ایصال ثواب کے لیے جامع مسجد چک مہیوں میں لاکھوں روپے مالیت کا واٹر فلٹریشن پلانٹ نصب کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ کے علاقہ چک مہیوں میں پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی ایک دیرینہ مسئلہ تھا، جس کی وجہ سے مقامی افراد کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔ نمبردار چوہدری محمد الیاس نے اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے بھرپور محنت کی اور حاجی خادم حسین کو اس کارِ خیر میں شامل ہونے کی ترغیب دی۔ ان کی کاوشوں کے نتیجے میں حاجی خادم حسین نے اپنے والدین کی مغفرت اور ایصال ثواب کے لیے جدید واٹر فلٹریشن پلانٹ لگوا دیا۔
پلانٹ کی تنصیب کے بعد مقامی افراد میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور انہوں نے حاجی خادم حسین اور نمبردار چوہدری محمد الیاس کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر مقامی عمائدین نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام علاقے کے لیے ایک بہت بڑی سہولت ہے اور اس سے سینکڑوں خاندانوں کو صاف پانی میسر آئے گا۔


