جہلم میں عیدالاضحی پر سندھ سے فروخت کیلئے لائے گئے 19 بکرے شدید گرمی اور حبس کے باعث ہلاک ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ صوبہ پنجاب کے ضلع جہلم میں پیش آیا، جہاں شدید گرمی اور حبس کے باعث سندھ کے علاقے ٹنڈو اللہ یار سے فروخت کے لیے لائے گئے 19 بکرے ہلاک ہو گئے، جس کے نتیجے میں بیوپاریوں کو 26 لاکھ روپے سے زائد کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔
جادہ چونگی بکرا منڈی پہنچنے پر بکرے مردہ حالت میں پائے گئے، چار بیوپاری سندھ سے تقریباً 80 بکرے فروخت کے لیے جہلم لائے تھے۔ بیوپاری امجد کے مطابق جانوروں نے تقریباً 1400 کلومیٹر کا طویل سفر کیا، جو ان کے لیے جان لیوا ثابت ہوا۔
بیوپاریوں کا کہنا ہے کہ بکرے تین دن اور چار راتوں تک گاڑی میں موجود رہے، جہاں نہ مناسب پانی دستیاب تھا، نہ آرام اور نہ ہی شدید گرمی سے بچاؤ کا کوئی مؤثر انتظام کیا جا سکا۔ شدید حبس اور بند گاڑی میں گرمی بڑھنے کے باعث 19 بکرے دم توڑ گئے۔
بیوپاری امجد کے مطابق مرنے والے جانوروں کو بعد ازاں ستھرا پنجاب ٹیم کے حوالے کر دیا گیا تاکہ انہیں مناسب طریقے سے ٹھکانے لگایا جا سکے۔
متاثرہ بیوپاریوں نے بتایا کہ اس واقعے کے باعث انہیں 26 لاکھ روپے سے زائد مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے، جبکہ باقی جانوروں کو بھی شدید گرمی کے باعث مشکلات کا سامنا رہا۔
شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ جانوروں کی طویل مسافت کے دوران مناسب انتظامات اور حفاظتی اقدامات نہ ہونے کی وجہ سے ایسے افسوسناک واقعات پیش آتے ہیں، اس لیے متعلقہ اداروں کو مویشیوں کی محفوظ نقل و حمل کے حوالے سے مؤثر اقدامات کرنے چاہئیں۔

