جہلم میں خاتون کے پرس سے نقدی و زیورات چوری کرنے والے ملزمان کو شہریوں نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کے مین بازار میں خریداری کے لیے آنے والی ایک خاتون کے پرس سے نقدی اور زیورات چوری کرنے والے خاتون اور مرد ملزم کو شہریوں نے تعاقب کے بعد پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔
مین بازار جہلم میں ایک خاتون خریداری میں مصروف تھی کہ اسی دوران نامعلوم افراد نے اس کے پرس سے نقدی اور زیورات چوری کر لیے۔ واقعہ کا علم ہونے پر شہریوں نے فوری طور پر مشکوک افراد کا تعاقب کیا اور ایک خاتون اور مرد ملزم کو قابو کر لیا۔
شہریوں کے مطابق ملزمان کے قبضے سے چوری شدہ زیورات اور نقدی بھی برآمد کر لی گئی۔ بعد ازاں شہریوں نے دونوں ملزمان کو پولیس کے حوالے کر دیا۔
ذرائع کے مطابق گرفتار ملزمان کا تعلق سرگودھا سے بتایا جاتا ہے جبکہ پولیس نے ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔


