لندن: برٹش پاکستانی کمیونٹی رہنماؤں کے وفد کی برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل سے ملاقات ہوئی جس میں راولپنڈی میں 8جنوری کو پاکستان نژاد برطانوی شہری تصرف حسین کے قتل کےافسوسناک واقعے کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔
ہائی کمشنر ڈاکٹر محمدفیصل نے تصرف حسین کے قتل کے افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ کااظہار اور اہل خانہ سے اظہارتعزیت کیا۔ انہوں نے بتایا کہ راولپنڈی پولیس اس افسوسناک واقعے کی انتہائی مستعدی سے تحقیقات کررہی ہے۔
ڈاکٹر محمد فیصل نے یقین دہانی کرائی کہ قتل میں ملوث عناصر کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور قصورواروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔


