جہلم: تھانہ سٹی پولیس جہلم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ایمرجنسی 15 پر موصول ہونے والی کال پر شہری کا گمشدہ موٹر سائیکل سیف سٹی اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے قلیل وقت میں تلاش کرکے اصل مالک کے حوالے کر دیا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق ایک شہری نے ایمرجنسی 15 پر کال کرکے اطلاع دی کہ اس کا موٹر سائیکل چوری ہوگیا ہے۔ اطلاع ملتے ہی تھانہ سٹی پولیس کی ٹیم فوری طور پر متحرک ہوئی اور موقع پر پہنچ کر واقعے کی جانچ شروع کر دی۔
پولیس ترجمان کے مطابق ابتدائی کارروائی کے دوران معلوم ہوا کہ شہری اپنا موٹر سائیکل کھڑا کرنے کے بعد اس کی جگہ بھول گیا تھا اور اسے شبہ ہوا کہ موٹر سائیکل چوری ہوگیا ہے۔ تھانہ سٹی پولیس نے سیف سٹی سسٹم اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے موٹر سائیکل کی تلاش شروع کی اور قلیل وقت میں اسے تلاش کرکے اصل مالک کے حوالے کر دیا۔
موٹر سائیکل کی بحفاظت واپسی پر شہری نے جہلم پولیس کے بروقت رسپانس، فوری کارروائی اور تعاون کو سراہتے ہوئے پولیس حکام سے اظہارِ تشکر کیا۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور ان کی شکایات کا فوری ازالہ جہلم پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ پولیس شہریوں کی سہولت اور تحفظ کے لیے بروقت کارروائی اور جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کو یقینی بنا رہی ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہریوں کی شکایات پر فوری ردعمل دینے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے جہلم پولیس کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔


