لندن: ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل کی اہلیہ ڈاکٹر سارہ نعیم نے پاکستان ہاؤس لندن میں حضرت محمدﷺ کے یوم ولادت باسعادت کی مناسبت سے روح پرور محفل میلاد النبیﷺ کا انعقاد کیا۔
محفل میلاد النبی ﷺکے اس اجتماع میں برٹش پاکستانی خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب میں حضور نبی اکرم ﷺ کی بارگاہ میں درود و سلام اور گلہائے عقیدت پیش کئے گئے۔ اس موقع پر خطابات میں آپﷺ کی رحمت، شفقت اور انسانیت سے محبت کے فضائل کو اجاگر کیا گیا۔
ڈاکٹر سارہ نعیم نے اظہار خیالات کرتے ہوئے عید میلاد النبی ﷺکی اہمیت پر گفتگو کی۔ انہوں نے باہمی احترام، افہام و تفہیم ، مہربانی اور ہمدردی کے عالمگیر اقدار کو فروغ دینے کی پیغمبر اسلامﷺ کی تعلیمات کو اجاگر کیا۔
ہائی کمشنر کی اہلیہ نے پاکستان جیسے متنوع معاشروں میں حضورﷺکی تعلیمات کے مطابق اقلیتوں کے ساتھ رواداری، احترام اور منصفانہ سلوک پر زور دیا۔


