سوہاوہ: صدر بار ایسوسی ایشن سوہاوہ کی وفد کے ہمراہ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن اور راولپنڈی ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو باڈی سے ملاقات، جعلی ڈگری کیس میں لائحہ عمل کے لئے ڈویژن بھر کی بارایسوسی ایشنز، نمائندگان پنجاب بار کونسل اور پاکستان بار کونسل کے نمائندگان کو بھی شرکت کی دعوت دی۔
تفصیلات کے مطابق سوہاوہ بار ایسوی ایشن کے صدر نے وفد کے ہمراہ ہائی کورٹ بار میں جعلی ڈگری سکینڈل کے لائحہ عمل کے لئے دورہ کیا۔ انہوں نے صدر ہائی کورٹ بار ملک جواد خالد، جنرل سیکرٹری شبیر احمد مرزا اور دیگر ایگزیکٹو باڈی کے علاوہ صدر ڈسٹرکٹ بار راولپنڈی انتظار مہدی شاہ اور جنرل سیکرٹری راجہ شاہد ظفر سے ملاقات کی۔
صدر سوہاوہ بار نے ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر کے ساتھ تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور جعلی ڈگری کیس میں ڈویژن کے نمائندہ اجلاس جس میں پنجاب بار اور پاکستان بار کونسل کے نمائندوں کو دعوت دی جائے بلانے کی درخواست دی گئی جس پر صدر ہائی کورٹ بار نے ڈویژن بھر کا نمائندہ اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا اس کی تاریخ کا اعلان مشاورت سے کیا جائے گا۔
انہوں نے سوہاوہ بار ایسوسی ایشن کو اپنے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ راولپنڈی ڈویژن میں کسی جعلی وکیل کی کوئی گنجائش نہیں اور اس پر جلد از جلد لائحہ عمل کا علان کر دیا جا ئے گاجبکہ بار ایسوسی ایشن کے جعلی ڈگری کیس میں بار ایسوسی ایشن سوہاوہ کے ساتھ ڈی پی او جہلم کے تعاون کو بھی سراہا ۔


