جہلم میں خاتون کو ہراساں کرنے اور سنگین نوعیت کی دھمکیاں دینے والے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم پولیس نے ایک خاتون کو ہراساں کرنے اور اسے سنگین نوعیت کی دھمکیاں دینے والے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ یہ کارروائی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) جہلم طارق عزیز سندھو کی خصوصی ہدایات پر عمل میں لائی گئی، جس کے تحت تھانہ سٹی کے ایس ایچ او اور ان کی ٹیم نے تیز رفتاری سے اہم کارروائی کی.
پولیس ذرائع کے مطابق ملزم نے متاثرہ خاتون کو مسلسل ہراساں کیا اور اسے سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں، جس پر خاتون کی جانب سے شکایت درج کرائی گئی۔ پولیس نے فوری طور پر مقدمہ درج کیا اور ملزم کو گرفتار کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے اس حوالے سے کہا کہ عورتوں اور بچوں کو ہراساں کرنے یا ان سے زیادتی کرنے والے ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ ایسے جرائم میں ملوث عناصر کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا اور انہیں قانون کے مطابق کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جہلم پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے اور ایسے جرائم کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے۔


