سوہاوہ: دینہ کے نمبردار کو لہڑی روڈ پر دوران ڈکیتی قتل کرنے والے ملزم کو جرم ثابت ہونے پر سزائے موت سنا دی گئی ، عدالت نے مجرم کو قید بامشقت اور جرمانے کی سزا بھی سنائی۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل سوہاوہ کے علاقہ ڈھوک باغ لہڑی روڈ پر نمبردار اسد عباس کو ڈکیتی کے دوران فائرنگ کر کے قتل کرنے والے گوجرخان کے رہائشی مجرم حسن علی کو جرم ثابت ہونے پر ایڈیشنل سیشن جج سوہاوہ دانش افضال نے سزائے موت، دس سال قید بامشقت اور پانچ لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔
مجرم حسن علی نےگزشتہ سال اکتوبر میں راولپنڈی سے کار پر آتے ہوئے دینہ کے علاقہ شہامد پور کے نمبردار اسد عباس ولد احسان اللہ خان سے لفٹ مانگی تھی۔ مجرم نے سوہاوہ کے قریب ڈھوک باغ لہڑی روڈ پر نمبردار اسد عباس سے 22 ہزار روپے نقدی، موبائل فون وغیر چھین لئے تھے اور گولی مار کر قتل کر دیا تھا۔
اندھے قتل کو سب انسپکٹر اللہ دتہ نے سائنٹیفک بنیادوں اور ہیومن ریسورس استعمال کرتے ہوئے مجرم کو ٹریس کر کے راولپنڈی سے گرفتار کیا تھا۔ سب انسپکٹر اللہ دتہ کی بہترین کاوش اور میرٹ پر تفتیش کر کے چالان عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔


