جہلم: میاں مظہر حیات کا کہنا ہے کہ ضلع جہلم میں ڈینگی وائرس کی کسی قسم کی موجودگی رپورٹ نہیں ہوئی۔ انہوں نے بعض ذرائع ابلاغ میں چلنے والی خبروں کو بے بنیاد اور حقائق کے منافی قرار دیا۔
جہلم کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ میاں مظہر حیات نے اپنے بیان میں کہا کہ محکمہ صحت کی ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر ضلع بھر میں مانیٹرنگ کر رہی ہیں اور تمام ہسپتالوں و ہیلتھ مراکز کو ہائی الرٹ رکھا گیا ہے۔ اب تک ضلع میں ڈینگی کا ایک بھی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔
سی ای او ہیلتھ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ افواہوں پر ہرگز کان نہ دھریں اور صرف سرکاری اعلانات اور مستند ذرائع پر اعتماد کریں۔ انہوں نے شہریوں سے کہا کہ وہ صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھیں، گھروں اور اردگرد پانی کھڑا نہ ہونے دیں تاکہ ڈینگی مچھر کی افزائش روکی جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ صحت ڈینگی سے بچاؤ اور آگاہی مہم کو مزید مؤثر بنا رہا ہے تاکہ ضلع جہلم کے شہری مکمل طور پر محفوظ رہیں۔


