دینہ میں غیر قانونی تجاوزات کے خاتمے کے لیے گرینڈ آپریشن کا دوسرا مرحلہ شروع ہو گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر دینہ سعدیہ حسین ڈوگر کی قیادت میں جی ٹی روڈ کے دونوں اطراف بڑے پیمانے پر آپریشن کیا گیا، جس میں پختہ تھڑے، ٹھیے، دیواریں، اور سائن بورڈ سمیت دیگر تجاوزات کو ہٹا دیا گیا۔
آپریشن کے دوران چیف آفیسر میونسپل کمیٹی دینہ گلشن نورین، تحصیلدار دینہ شمشیر حیدر رانجھا، میاں سہیل اور پولیس کی بھاری نفری اسسٹنٹ کمشنر کے ہمراہ موجود تھی۔ جی ٹی روڈ پر تجاوزات کے خاتمے کے اس اقدام کو شہریوں نے بلا تفریق کارروائی کی وجہ سے خوش آئند قرار دیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر سعدیہ حسین ڈوگر نے کہا کہ یہ آپریشن وزیر اعلیٰ پنجاب اور چیف سیکرٹری پنجاب کی ہدایات پر زور و شور سے جاری ہے اور کسی قسم کی نرمی یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ مہم تجاوزات کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ جی ٹی روڈ سے تجاوزات ختم کرنے کے بعد اگلے مرحلے میں مین بازار دینہ، منگلا روڈ، اور ریلوے روڈ پر آپریشن کا آغاز کیا جائے گا۔ تجاوزات قائم کرنے والوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر غیر قانونی تجاوزات ختم کر دیں اور اپنی قانونی حدود کے اندر رہ کر کام کریں، بصورت دیگر سخت کارروائی کی جائے گی۔
شہریوں نے انتظامیہ کی اس کوشش کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس مہم سے نہ صرف شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا بلکہ ٹریفک اور پیدل چلنے والوں کے مسائل بھی حل ہوں گے۔


