جہلم: ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ جہلم نے اقلیتی برادری کی سہولیات کو مدِنظر رکھتے ہوئے شراب کے سالانہ پرمٹ کے اجراء کا عمل باقاعدہ طور پر شروع کر دیا ہے۔
اس سلسلے میں ضلع جہلم کی چاروں تحصیلوں میں درخواستیں روزانہ کی بنیاد پر وصول کی جا رہی ہیں تاکہ اقلیتی برادری آسانی سے اس سہولت سے استفادہ حاصل کر سکے۔
ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر منور حسین کی خصوصی ہدایات پر ہر تحصیل میں متعلقہ افسران کو درخواستیں وصول کرنے کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔ تحصیل سوہاوہ میں انسپکٹر عمران، تحصیل دینہ میں انسپکٹر چوہدری اسد، تحصیل پنڈدادنخان میں انسپکٹر مدثر علی اعوان اور تحصیل جہلم میں انسپکٹر امہ حبییہ کو اس کام کی نگرانی کے لیے تعینات کیا گیا ہے۔
ڈیپارٹمنٹ کے مطابق یہ اقدام اقلیتی شہریوں کو قانونی طریقے سے پرمٹ کے حصول کی سہولت فراہم کرنے اور ان کی مذہبی و سماجی ضروریات کا خیال رکھنے کے پیشِ نظر کیا گیا ہے۔ شہریوں کو ترغیب دی گئی ہے کہ وہ مقررہ افسران سے رابطہ کر کے بروقت اپنی درخواستیں جمع کروائیں تاکہ انہیں پرمٹ جاری کیا جا سکے۔


