جہلم: پنجاب پریزن فاؤنڈیشن لاہور کے زیر اہتمام جہلم ریجنل آفس میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں محکمہ جیل خانہ جات پنجاب کے افسران اور اہلکاروں کی فلاح و بہبود کے لیے شادی، اسکالرشپ اور فوتیدگی گرانٹس کے چیک تقسیم کیے گئے۔
تقریب کی صدارت ڈپٹی انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات راولپنڈی ریجن عبدالرؤف رانا نے کی، جبکہ سپرنٹنڈنٹ سنٹرل جیل راولپنڈی ساجد بیگ اور سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل گجرات ارشد وڑائچ بھی اس موقع پر موجود تھے۔
تقریب کے دوران مستحق افسران اور اہلکاروں میں مختلف فلاحی گرانٹس کے چیک تقسیم کیے گئے۔ شادی گرانٹ کی مد میں ایک لاکھ سے پانچ لاکھ روپے تک، فوتیدگی گرانٹ کی مد میں ایک لاکھ روپے جبکہ اسکالرشپ گرانٹ کی مد میں 36 ہزار سے 72 ہزار روپے تک کے چیک فراہم کیے گئے۔
مقررین نے اپنے خطاب میں پنجاب پریزن فاؤنڈیشن کے فلاحی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات نہ صرف ملازمین اور ان کے اہل خانہ کے لیے عملی سہارا ثابت ہوتے ہیں بلکہ ان کے حوصلے، اعتماد اور ادارے سے وابستگی کو بھی مزید مضبوط بناتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شادی گرانٹ ملازمین کے بچوں کی شادی کے موقع پر مالی معاونت فراہم کرتی ہے، جبکہ اسکالرشپ گرانٹ ہونہار اور قابل طلبہ کی تعلیمی ضروریات پوری کرنے میں معاون ثابت ہوتی ہے۔ اسی طرح فوتیدگی گرانٹ والدین، شریک حیات یا بچوں کے انتقال کی صورت میں متاثرہ خاندان کے لیے ریلیف اور سہارا فراہم کرتی ہے۔
مقررین نے اس امر پر بھی زور دیا کہ پنجاب پریزن فاؤنڈیشن کی تمام گرانٹس مقررہ قواعد و ضوابط، مکمل شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر منظور کی جاتی ہیں تاکہ ہر مستحق فرد تک امداد بروقت اور منصفانہ انداز میں پہنچ سکے۔
گرانٹس حاصل کرنے والے افسران و اہلکاروں نے انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات پنجاب، ڈپٹی انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات راولپنڈی ریجن اور پنجاب پریزن فاؤنڈیشن کی انتظامیہ کا بروقت مالی معاونت فراہم کرنے پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
اپنے خطاب میں ڈپٹی انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات راولپنڈی ریجن عبدالرؤف رانا نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ محکمہ جیل خانہ جات کے افسران و اہلکاروں کی فلاح و بہبود کے لیے جاری اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے گا تاکہ پنجاب پریزن فاؤنڈیشن کے ثمرات ہر مستحق ممبر تک شفاف، بروقت اور باعزت انداز میں پہنچ سکیں۔
انہوں نے کہا کہ ملازمین کی فلاح و بہبود اور ان کے مسائل کا حل محکمہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اور اس مقصد کے لیے فلاحی پروگراموں کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا تاکہ افسران اور اہلکاروں کو ہر ممکن سہولت اور معاونت فراہم کی جا سکے۔


