جہلم سمیت متعدد نواحی علاقوں میں مضر صحت گوشت کی سر عام فروخت جاری ، قصاب بیمار ، لاغر ، نیم مرد ہ جانوروں کا مضر صحت گوشت سرکاری نرخوں کی بجائے من مانے نرخوں پر فروخت کر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جہلم شہر اور گردو نواح کے دیہاتوں میں قصابوں کی طرف سے اندرون شہر کے علاقوں میں ذبح خانے کھول کر مردہ ، نیم مردہ، بیمار، لاغر، زخمی جانوروں کو ذبح کرکے گوشت کی سپلائی جاری رکھی ہوئی ہے مضر صحت گوشت کے استعمال سے شہریوں میں خطرناک بیماریاں تیزی سے پھیل رہی ہیں۔
شہر اور گردو نواح میں غیر قانونی سلاٹر ہاؤس قائم کر دیئے گئے ہیں جہاں جانوروں کو ذبحہ کر کے گوشت سپلائی کیا جاتا ہے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے گائے کے گوشت کا سرکاری نرخ700 روپے ہے جبکہ قصاب 1000 روپے تک گوشت فروخت کر رہے ہیں۔
دوسری جانب چھوٹا گوشت کے سرکاری نرخ 1400 روپے مقرر کئے گئے ہیں جبکہ قصاب 2000 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کررہے ہیں۔
شہریوں نے کہا کہ بیمار اور لاغر جانوراندرون شہر اور گھروں میں ذبحہ کئے جاتے ہیں اور گوشت سستے داموں ہوٹلوں وغیرہ پر فروخت کیا جاتا ہے جبکہ دکانوں پر قصاب اس مضر صحت گوشت کے من مانے نرخ وصول کررہے ہیں ۔ بیمار، مضر صحت گوشت کے استعمال سے شہری خطرناک بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں جبکہ مقامی انتظامیہ ، پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ذمہ داران نے اس حوالے سے لا تعلقی اختیار کر رکھی ہے۔
شہریوںنے ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی ، نگران وزیراعلیٰ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیاہے۔