جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم سیدہ رملہ علی نے کہا کہ ضلع جہلم میں ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت ایکشن لیتے ہوئے ایک ماہ میں 17 لاکھ روپے جرمانے کئے گئے، شہریوں کو لوٹنے والوں کو کوئی رعایت نہیں دیں گے۔
ڈپٹی کمشنرجہلم سیدہ رملہ علی کی زیر صدارت پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کا اجلاس ہوا جس سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ روز مرہ کی اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کی چیکنگ مسلسل ہونی چاہیے۔ سبزیوں، پھلوں، دودھ دہی اور روٹی نان پر خاص توجہ کی ضرورت ہے۔
انہوں نے پرائس مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ حکومت کی جانب سے مقررہ زائد قیمت وصول کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیں اور جو تاجر مسلسل قانون کی خلاف ورزی کرتے ہیں ان کے خلاف مقدمات درج کروائے جائیں۔ ناجائز منافع خوروں کے خلاف بھاری جرمانے اور مقدمات کا اندراج ہی پرائس کنٹرول کو ممکن بنا سکتا ہے۔
اجلاس میں گزشتہ ہفتہ کے دوران قیمتوں پر کنٹرول کے حوالے سے بریفنگ دی گئی جس پر ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ ضلع بھر میں ہر قسم کے ہوٹل، منڈیوں، جنرل مارکیٹس کو روزانہ چیک کیا جائے۔
اجلاس میں مختلف اشیاء کی قیمتوں اور مارکیٹ میں دستیابی کا جائزہ لیا گیا۔


