جہلم پولیس کی منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں جاری، خاتون منشیات فروش سمیت تین ملزمان کو گرفتار کر کے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کر لی گئی۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو کی ہدایت پر منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ تازہ کارروائیوں میں تین منشیات فروش ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں ہیروئن اور چرس برآمد کر لی گئی۔
تھانہ سول لائنز پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دو منشیات فروش ملزمان کو گرفتار کیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے 1 کلو 160 گرام ہیروئن اور 550 گرام چرس برآمد کی گئی۔ دونوں ملزمان کے خلاف تھانہ سول لائنز میں الگ الگ مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔
اسی طرح تھانہ دینہ پولیس نے بھی کارروائی کرتے ہوئے ایک منشیات فروش خاتون کو گرفتار کیا، جس کے قبضے سے 1 کلو 320 گرام چرس برآمد ہوئی۔ گرفتار خاتون کے خلاف تھانہ دینہ میں منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے اس حوالے سے اپنے بیان میں کہا کہ "منشیات فروش معاشرے کا ناسور ہیں، جن کے خلاف جہلم پولیس کی کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔” انہوں نے پولیس ٹیموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوامی تحفظ اور نوجوان نسل کو منشیات سے بچانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔


