جہلم شہر کے گنجان آباد علاقوں، گلی محلوں اور اندرون شہر کی سڑکوں پر ریت، بجری، کرش اور اینٹوں سے لدی ٹریکٹر ٹرالیوں کی آمدورفت شہریوں کے لیے شدید مشکلات کا باعث بننے لگی ہے۔ ان بھاری ٹرالیوں کے شہر میں داخلے پر پابندی کے باوجود مؤثر عملدرآمد نہ ہونے سے شہری حلقوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔
شہریوں کے مطابق ریت، بجری، کرش اور اینٹوں سے لوڈ ٹریکٹر ٹرالیوں پر حفاظتی ترپال نہ ڈالنے کے باعث سامان سے اڑنے والی دھول، مٹی اور ریت فضا میں پھیلتی رہتی ہے، جس سے فضائی آلودگی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اس صورتحال کے باعث شہریوں کو آنکھوں کی بیماریوں، دمہ اور سانس کی دیگر تکالیف کا سامنا کرنے کے خدشات بڑھ رہے ہیں۔ دوسری جانب بھاری ٹرالیوں کی اندرون شہر آمدورفت سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوتی ہے جبکہ ممکنہ حادثات کا خطرہ بھی موجود رہتا ہے۔
شہریوں اور سماجی، رفاہی و فلاحی تنظیموں کے عمائدین نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم اور قائم مقام ڈی ایس پی ٹریفک سے مطالبہ کیا ہے کہ اس سنگین شہری مسئلے کا فوری نوٹس لیا جائے اور دن کے اوقات میں اندرون شہر بھاری ٹریکٹر ٹرالیوں کے داخلے پر عائد پابندی پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ بغیر حفاظتی ترپال ریت، بجری، کرش اور دیگر تعمیراتی سامان لے جانے والی ٹریکٹر ٹرالیوں کے خلاف بھی قانون کے مطابق کارروائی کی جائے، تاکہ شہریوں کو ٹریفک کی رکاوٹوں، فضائی آلودگی اور ممکنہ حادثات سے محفوظ رکھا جا سکے۔


