جہلم: ملک وارث اعوان نے کہا کہ پچھلے سولہ ماہ کی حکومت ہمارے سامنے ہے جس میں تمام سیاسی جماعتیں کسی نا کسی طرح حکومت کا حصہ رہی ہیں۔ سیاسی جماعتیں اقتدار حاصل کرنے کی دوڑ میں لگی ہوئی ہیں تاکہ اقتدار حاصل کر کے بینک کے بندا کاؤ نٹس کو بحال کرواسکیں اپنے اور اپنے رشتہ داروں کے نام ای سی ایل سے نکلواسکیں اور اپنے خلاف قائم مقدمات کو ختم کروایا جاسکے۔
صوبائی حلقہ پی پی 26 سے آزاد امیدوار انجینئر ملک وارث اعوان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ عوام کی فلاح اور پاکستان کی بہتری ان کی ترجیحات میں شامل نہیں ۔ موجودہ حکمران مہنگائی اور غربت پر قابونہیں پاسکے، پاکستانی عوام اب باشعور ہو چکی ہے ،عوام سیاستدانوں کے جھوٹے وعدوں اور کھوکھلے نعروں میں آنے والے نہیں، چند ماہ قبل جو سیاسی اشرافیہ آپس میں بھائی بھائی تھے اب اقتدار کے حصول کیلئے نورا کشتی کا ڈرامہ رچا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے کے خلاف تلخ بیان بازی کر کے وطن عزیز کے باشعور عوام کو بیوقوف بنانے کی کوششوں میں مصروف ہیں ، ضلع جہلم کی عوام کا شمار باشعور لوگوں میں ہوتا ہے الیکشن میں امیدواروں کو منتخب کرنے کا ہمارا فیصلہ بھی باشعور ہونا چاہئے۔ پاکستان میں سیاست دانوں کے نہ کوئی نظریات رہے ہیں اور نہ کوئی اصول ۔
ملک وارث اعوان نے کہا کہ اس وقت ساری تگ و دو اقتدار کے حصول تک محدود کی جاچکی ہے، چاہے اس کے لیے کچھ بھی کرنا پڑے عوامی مسائل و مشکلات پر کسی کی کوئی توجہ نہیں، سڑکیں، تعلیم صحت ،ملکی خوشحالی، بیروزگاری اور نظام انصاف کی درستگی کسی طور بھی سیاسی جماعتوں کی ترجیحات میں شامل نہیں۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان میرے دست و بازو بنیں علاقے کی محرومیاں ختم کرنے میں ہمارا ساتھ دیں۔ فصلی بٹیروں کو مسترد کریں تاکہ پڑھی لکھی نوجوان قیادت ملک کی بھاگ دوڑ سنبھالیں۔


