سوہاوہ: ملک شعیب ایڈووکیٹ کے گھر زبردستی داخل ہو کر اہلخانہ کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے والے ملزمان کے خلاف ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے فوری نوٹس لیتے ہوئے مقدمہ درج کرنے اور ملزمان کی گرفتاری کا حکم دے دیا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو چوبیس گھنٹے کے اندر گرفتار کر لیا۔
ملزمان راحیل امجد اور جلیل امجد مسلح ہتھیاروں کے ساتھ ملک شعیب ایڈووکیٹ کے گھر زبردستی داخل ہوئے اور ان کے بھائی کو قتل کی دھمکیاں دیں، انہیں حبس بے جا میں رکھا اور جاتے وقت موبائل فون بھی ساتھ لے گئے۔ واقعے کی اطلاع فوری طور پر تھانہ سوہاوہ کو دی گئی، جبکہ سوہاوہ بار ایسوسی ایشن نے معاملہ ڈی پی او جہلم کے نوٹس میں لایا۔
ڈی پی او جہلم نے ڈی ایس پی سوہاوہ اور ایس ایچ او تھانہ سوہاوہ کو ہدایات جاری کیں کہ فوری طور پر مقدمہ درج کیا جائے اور قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ پولیس نے ہدایات پر عمل کرتے ہوئے میرٹ پر مقدمہ درج کیا اور چھاپے مار کر ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
سوہاوہ بار ایسوسی ایشن اور وکلاء برادری نے ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کی بروقت کارروائی، انصاف کی فراہمی اور وکلاء برادری کے تحفظ کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔
سوہاوہ بار ایسوی ایشن کے نمائندوں کا کہنا تھا کہ قانون کی بالادستی اور شہریوں کے تحفظ کے لیے ڈی پی او جہلم کے اقدامات قابلِ تحسین ہیں، اور وہ آئندہ بھی وکلاء برادری کے مسائل حل کرنے کے لیے ان کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے۔


