لوٹن: لارڈ قربان حسین نے کہا ہے کہ فلسطین کے مسئلہ کی وجہ سے اس وقت پوری دنیا تقسیم ہوچکی ہے اور کمیونٹیز کے درمیان نفرتیں بڑھ رہی ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ فوری جنگ بندی کی جائے اور امن کو موقع فراہم کیا جائے۔
وہ پی پی سی برطانیہ کے شیراز خان کی جانب سے کینیڈا سے دورہ برطانیہ پر آئے ہوئے مہمان راجہ عباس، کشمیری رہنما چیئرمین پاک کشمیر سپریم کونسل راجہ سکندر خان، پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے اشرف چغتائی،راجہ وقاص ایڈووکیٹ ،پی ٹی آئی رہنما غیاث احمد ایڈووکیٹ کے اعزاز میں دعوت استقبالیہ پر اظہارِ خیالات کر رہے تھے۔
میزبان شیراز خان نے کہا کہ حق و سچ کی آواز بلند کی جاتی رہے گی۔ چوہدری قربان نے کہا کہ فلسطینیوں کے حق میں بڑے مظاہرے ہو رہے ہیں اور ظلم و زیادتی پر دنیا لرز گئی ہے ،اس کے باوجود جنگ بندی نہیں ہو رہی۔
اس موقع پر راجہ عباس، راجہ سکندر، اشرف چغتائی اور دیگر نے فلسطین میں جاری اسرائیلی مظالم پر عالمی طاقتوں کی خاموشی اور دوہرے معیار کو افسوسناک قرار دیا اور فوری طور پر سیز فائر کر کے غزہ کا محاصرہ ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے فلسطین کے معصوم شہریوں کا قتل عام بند کروانے اور خطے میں پائیدار حل ڈھونڈنے کی ضرورت پر زور دیا۔
راجہ وقاص، غیاث احمد اور راجہ فیض سلطان نے بھی فلسطینوں پر اسرائیلی بمباری کی مذمت کی۔ اس موقع پر راجہ اعجاز، کامران عابد بخاری ،عتیق الرحمان چوہدری اور احتشام الحق قریشی بھی موجود تھے۔