جہلم: چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر میاں مظہر حیات نے کہا ہے کہ صوبے سے پولیو کا خاتمہ وزیر اعلی پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کا خواب ہے۔ پولیو مہم کی کامیابی میں جہلم پریس کلب کے صحافیوں کا اہم کردار ہے جسے ہم سراہتے ہیں، ضلع جہلم میں حالیہ پولیو مہم میں ہزاروں بچوں کو ویکسین پلائی گئی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جہلم پریس کلب کے نمائندہ وفد سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد کی قیادت صدر جہلم پریس کلب مہر محمد الیاس کررہے تھے۔ وفد میں صدر الیکٹرانک میڈیا چوہدری عابد محمود، چیئرمین الیکٹرانک میڈیا عامر کیانی، سرپرست چوہدری مہربان حسین، سینئر نائب صدر سید مستفیض اقبال بخاری اور انفارمیشن سیکرٹری ڈاکٹر اعجاز اعوان شامل تھے۔
سی ای او ہیلتھ ڈاکٹرمیاں مظہر حیات نے کہا کہ میڈیا بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے کے لئے والدین میں آگہی پیدا کر رہا جو قابل تعریف ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیو کے خلاف جنگ میڈیا، علماء کرام اور سول سوسائٹی کی مدد کے بغیرکسی صورت نہیں جیتی جا سکتی اور ہم سب کا فرض ہے کہ اپنے بچوں کو زندگی بھر کی معذوری سے بچانے کے لئے پولیو کے قطرے لازمی پلائیں۔


