جہلم پولیس نے غیر قانونی آتش بازی کے سامان کے خلاف اہم کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا، جس کے قبضے سے بھاری مقدار میں سامان آتش بازی برآمد کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم میں ایس ایچ او تھانہ صدر اور ان کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا۔ ملزم غیر قانونی طور پر سامانِ آتش بازی اپنے قبضے میں رکھے ہوئے تھا، جو عوامی جان و مال کے لیے خطرے کا باعث بن سکتا تھا۔ برآمد شدہ سامان کو تحویل میں لے کر ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
اس حوالے سے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے کہا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے اور کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی۔


