اسلام آباد: الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام اقرا ایجوکیشنل سکول اینڈ کالج آف ایکسیلنس ڈھوک عباسی نیازی چوک سرائے خربوزہ ترننول، اسلام آباد میں ایک فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جہاں ماہر ڈاکٹروں نے مریضوں کا مفت طبی معائنہ کیا اور انہیں بلا معاوضہ ادویات فراہم کیں۔
میڈیکل کیمپ شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ امیر عبدالقدیر اعوان کی نگرانی میں منعقد کیا گیا۔ کیمپ صبح 11:00 بجے سے دوپہر 1:30 بجے تک جاری رہا، جس میں آئی اسپیشلسٹ، ڈینٹل اسپیشلسٹ، میڈیکل اسپیشلسٹ اور فزیوتھراپسٹ پر مشتمل ٹیم نے مختلف امراض میں مبتلا مریضوں کا معائنہ کیا اور انہیں مفت طبی مشاورت کے ساتھ ادویات بھی فراہم کیں۔
تقریب میں قائم مقام صاحبِ مجاز اسلام آباد چوہدری طارق، سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ اور تنظیم الاخوان زون 6 اسلام آباد کے ذمہ داران کے علاوہ علاقے کی سیاسی، سماجی اور فلاحی شخصیات نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر بتایا گیا کہ الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان، سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ کی ایک ذیلی فلاحی تنظیم ہے، جو شیخ سلسلہ عالیہ امیر عبدالقدیر اعوان کی نگرانی میں طویل عرصے سے ملک بھر میں صحت، تعلیم اور سماجی خدمت کے مختلف منصوبوں کے ذریعے عوامی فلاح و بہبود کے لیے خدمات انجام دے رہی ہے۔
میڈیکل کیمپ سے مستفید ہونے والے مریضوں نے مفت طبی سہولیات اور ادویات کی فراہمی پر الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور امیر عبدالقدیر اعوان کے لیے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا اظہار کیا۔
الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان کے ذمہ داران نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حضرت امیر عبدالقدیر اعوان کی سرپرستی میں مستقبل میں بھی ملک کے مختلف علاقوں میں ایسے فری میڈیکل کیمپس کا انعقاد جاری رکھا جائے گا تاکہ مستحق افراد کو بہتر طبی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کی جا سکیں۔


