دینہ: اسپائر کالج دینہ کی جانب سے مقامی ہوٹل میں ایک عظیم الشان افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا جس میں علاقہ بھر کی سیاسی، سماجی، کاروباری شخصیات، اساتذہ اور صحافیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ میں اسپائر کالج جی ٹی روڈ دینہ کی انتظامیہ نے ہر سال کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے اس سال بھی افطار ڈنر کا اہتمام کیا جس میں اہل علاقہ سمیت شعبہ تعلیم سے وابستہ مختلف شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران شرکاء نے باہمی تبادلہ خیال کیا اور رمضان المبارک کی برکتوں پر روشنی ڈالی۔
اس موقع پر عمائدین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسپائر کالج دینہ کیمپس نے علم کی جو شمع روشن کی ہے وہ اپنی مثال آپ ہے۔ کالج کی جانب سے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا خوش آئند اقدام ہے۔
کالج انتظامیہ کا کہنا تھا کہ اسپائر کالج تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ سماجی روابط کو بھی خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسپائر کالج دینہ شہر کے قدیم اور نمایاں تعلیمی اداروں میں شمار ہوتا ہے جہاں اس وقت 700 سے زائد طلبہ و طالبات زیر تعلیم ہیں۔
شرکاء نے اسپائر کالج انتظامیہ کی جانب سے بہترین افطار ڈنر کے انعقاد کو سراہتے ہوئے ان کی تعلیمی اور سماجی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔


