جہلم: پولیس نے عوامی مقامات پر آوارہ گردی اور مشتبہ سرگرمیوں میں ملوث 9 افراد کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شفیق احمد چوہدری کی ہدایات پر جرائم پیشہ عناصر اور امنِ عامہ میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف ضلع بھر میں کارروائیاں جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں ایس ایچ او تھانہ سٹی اور ان کی ٹیم نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے 9 ملزمان کو گرفتار کیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار افراد عوامی مقامات پر بغیر کسی معقول وجہ کے موجود تھے اور مشتبہ سرگرمیوں میں مصروف پائے گئے، جس پر انہیں حراست میں لے کر قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی مقامات پر ہلڑ بازی، آوارہ گردی، مشتبہ نقل و حرکت اور امن عامہ میں خلل ڈالنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں آئندہ بھی بھرپور انداز میں جاری رہیں گی۔
انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ کسی بھی مشتبہ سرگرمی یا امن و امان میں خلل ڈالنے والے عناصر کے بارے میں فوری طور پر قریبی تھانے یا پولیس ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔


