جہلم پریس کلب کے نومنتخب عہدیداران نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا، بلال اظہر کیانی نے حلف لیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم پریس کلب کے نومنتخب صدر ڈاکٹر سہیل امتیاز خان، جنرل سیکرٹری مرزا قدیر بیگ سمیت تمام نومنتخب عہدیداران نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما، رکن قومی اسمبلی اور وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی سے حلف اٹھا لیا۔ اس سلسلے میں ضلع کونسل ہال جہلم میں پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں شہر کی سماجی، رفاہی، فلاحی، صحافتی اور تجارتی تنظیموں کے نمائندگان سمیت مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات اور شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کی سعادت جنرل سیکرٹری مرزا قدیر بیگ نے حاصل کی، جبکہ سید ناصر محمود نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں نذرانۂ عقیدت پیش کیا۔ اسٹیج پر مہمانِ خصوصی وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اور ڈی ایس پی سٹی ملک محمد اکرم موجود تھے۔ تقریب کے اسٹیج سیکرٹری کے فرائض معروف سینئر صحافی و کالم نگار محمد امجد بٹ نے انجام دیے۔
حلف اٹھانے والوں میں نومنتخب سرپرستِ اعلیٰ محمد امجد بٹ، سرپرست مہر محمد الیاس، چیئرمین راجہ نوبہار خان، صدر ڈاکٹر سہیل امتیاز خان، سینئر نائب صدر چوہدری ظفر نور، نائب صدر غلام قادر مخلص، جنرل سیکرٹری مرزا قدیر بیگ، جوائنٹ سیکرٹری نجف شہزاد، انفارمیشن سیکرٹری سید ناصر محمود، فنانس سیکرٹری راجہ سہیل کیانی، آفس سیکرٹری عبدالغفار آزاد، چیئرمین ایکشن کمیٹی سید اکرم حسین بخاری اور ممبران وسیم قریشی، راجہ محمد رفیح، سید مستفیض اقبال بخاری اور بابر راجپوت شامل تھے۔
تقریب میں سابق صدور ملک وسیم اختر اور چوہدری عابد محمود، صدر ڈسٹرکٹ یونین آف جرنلسٹس چوہدری مہربان حسین، سابق جنرل سیکرٹری الیاس صادق وٹو، شیخ ذوالفقار علی زلفی، دینہ ڈیجیٹل کلب کے صدر یاسر صدیق، عبدالباسط مجاہد، شیخ عتیق الرحمن اور رانا رفاقت علی سمیت دیگر صحافتی شخصیات نے شرکت کی۔
اسی طرح سابق تحصیل ناظم چوہدری غلام احمد زمرد، جہلم چیمبر آف کامرس کے صدر اظہر اقبال ڈار، فلاحی تنظیم اپنا گھر کی چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر آسیہ ممتاز، مقامی اخبار کے چیف ایڈیٹر راحیل خلیل، مرکزی انجمن تاجران کے صدر ملک محمد اقبال اور جنرل سیکرٹری عبدالراشید بٹ، میرج ہالز ایسوسی ایشن کے صدر راجہ محمد سعید، معروف قانون دان بلال سعید، صرافہ ایسوسی ایشن کے صدر راجہ اظہر محمود، سبزی و فروٹ ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری مظہر اور جنرل سیکرٹری الٰہی بخش بلوچ، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے سابق صدر ڈاکٹر ملک حفیظ الرحمن سمیت صحافتی، سماجی اور تجارتی حلقوں کی دیگر نمایاں شخصیات بھی تقریب میں موجود تھیں۔
مہمانِ خصوصی وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کی پنڈال آمد پر ڈھول باجوں کی گونج میں پرتپاک استقبال کیا گیا اور ان سمیت دیگر مہمانوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے خیرمقدم کیا گیا۔ شرکاء کی بڑی تعداد کے باعث ضلع کونسل ہال کھچا کھچ بھر گیا۔
اس موقع پر نومنتخب صدر جہلم پریس کلب ڈاکٹر سہیل امتیاز خان نے مہمانِ خصوصی بلال اظہر کیانی کو سپاس نامہ پیش کیا اور تقریب میں شرکت کرنے، صحافیوں کی حوصلہ افزائی کرنے اور ان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ جہلم کے صحافی ایک پلیٹ فارم پر متحد ہیں اور مثبت، تعمیری و ذمہ دارانہ صحافت یہاں کے صحافیوں کا طرۂ امتیاز ہے۔ انہوں نے صحافتی اتحاد اور مثبت صحافت کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے جہلم پریس کلب کے نومنتخب عہدیداران کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
تقریب کے اختتام پر صدر جہلم پریس کلب ڈاکٹر سہیل امتیاز خان نے مہمانِ خصوصی بلال اظہر کیانی، صدر چیمبر آف کامرس اظہر اقبال ڈار، ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن، ڈاکٹر آسیہ ممتاز سمیت دیگر مہمانوں کو یادگاری شیلڈز پیش کیں۔


